ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ’’نبی ﷺ ہر رمضان میں دس دن اعتکاف بیٹھا کرتے تھے۔ جس سال آپ ﷺ کی وفات ہوئی اس سال آپ ﷺ بیس دن اعتکاف میں بیٹھے‘‘۔
شرح الحديث :
نبی ﷺ ہر رمضان میں دس دن کے لیے مسجد میں اللہ کی عبادت کے لیے گوشہ نشین ہوا کرتے تھے۔ پہلے آپ ﷺ شبِ قدر کو پانے کی امید میں درمیانی عشرے میں اعتکاف پر بیٹھا کرتے تھے۔ پھر جب آپ ﷺ کو علم ہوا کہ شب قدر رمضان کے آخری عشرے میں ہے تو آپ ﷺ اس میں معتکف ہوا کرتے تھے۔ اور جس سال آپ ﷺ کی وفات ہوئی اس سال آپ ﷺ نے اللہ کی اطاعت و خوشنودی میں اضافے کی غرض سے بیس دن کا اعتکاف کیا۔